خارجیوں اور افغان طالبان نے ملکر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا‘پاکستان کا بھرپورجواب
افغان سائیڈ پر بھاری نقصانات ‘ 15 سے زائد خارجی اور افغان طالبان ہلاک‘ متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات
افغان طالبان چھ پوسٹیں چھوڑ کر بھی بھاگ گئے‘سیکورٹی ذرائع
راولپنڈی(آن لائن)سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی طرف سے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کوشش ناکام بنا دی،خارجیوں اور افغان طالبان نے ملکر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا‘پاکستانی سیکورٹی فورسز نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا‘ افغانستان سائیڈ پر بھاری نقصانات ‘ پندرہ سے زائد خارجیوں اور افغان طالبان کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں جبکہ افغان طالبان چھ پوسٹیں چھوڑ کر بھی بھاگ گئے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق 27/28 دسمبر کی رات فتنہ الخوارج کے 20-25 خارجیوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان میں دو مقامات سے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی
، پاکستانی سیکورٹی فورسز نے بر وقت کاروائی کر کے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ ذرائع کے مطابق 28 دسمبر کی علی الصبح خارجیوں نے دوبارہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے، پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی، در اندازی کی کوشش ناکام ہونے پر 28 دسمبر کی علی الصبح خارجیوں اور افغان طالبان نے ملکر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیااورپاکستان سیکورٹی فورسز نے اس بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔مصدقہ ذرائع کے مطابق افغانستان سائیڈ پر بھاری نقصانات کی ابتدائی اطلاعات ملی ہیں۔ذرائع کے مطابق مؤثر جوابی فائر سے پندرہ سے زائد خارجیوں اور افغان طالبان کے ہلاک ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں اور موثر جوابی کاروائی اور گولا باری سے افغان طالبان چھ پوسٹیں چھوڑ کر بھی بھاگ گئے۔ ذرائع کے مطابق افغان سائڈ پر نقصانات مزید بڑھنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔پاکستان سیکورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نا ہونے اورصرف تین زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے بارہا عبوری افغان حکومت سے فتنہ الخوارج کو پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین نہ استعمال کرنے کا کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجائے فتنہ الخوارج کو کنٹرول کرنے اور ان دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کرنے کے، افغان طالبان فتنہ الخوارج کی مسلسل معاونت کر رہے ہیں، فتنہ الخوارج افغانستان میں پوری آزادی کے ساتھ موجود ہیں اور پاکستان مخالف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے افغان سر زمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان سیکورٹی فورسز کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
Comments are closed.