گوجرانوالہ(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کیلئے اپوزیشن کے ساتھ پوری نیک نیتی سے مذاکرات چل رہے ہیں، ہمارا مقصد سیاسی استحکام کا حصول ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ اس کی آڑ میں نو مئی جیسے واقعات کو فراموش کر دیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس مفصل تھی، جس میں نے نو مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے تفصیلی خیالات کا اظہار کیا اور احسن طریقے سے تمام امور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا نو مئی کے کیسز میں جن لوگوں نے دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا اور شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا، ان کے ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوئے، ٹرائل میں وکیل کا حق دینے کے ساتھ ساتھ فیملی اور ریکارڈ تک رسائی فراہم کی گئی ہے ۔
ملٹری کورٹس میں ٹرائل غیر موجودگی میں نہیں ہو سکتا، اس کے لئے خود موجود ہونا لازمی ہوتا ہے، انہوں نے کہا ٹرائل میں اپیل کے دو حق دیئے گئے، ملٹری اتھارٹیز اور ہائی کورٹ میں اپیل کا حق دیا گیا ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات بارے بات کرتے ہوے انہوں نے کہا سیاسی استحکام کیلئے نیک نیتی سے مذاکرات چل رہے ہیں، ہمارا مقصد سیاسی استحکام کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا معیشت ترقی کر رہی ہے، ہم ڈیفالٹ سے ہٹ کر ترقی کی طرف جا رہے ہیں۔ ہمارے سیاسی مخالف بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ معیشت مستحکم ہے۔ مہنگائی میں کمی، شرح سود میں کمی ہوئی، برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ مذاکرات کا مقصد سیاسی استحکام ہے ۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف نے 26 ویں آئینی ترمیم میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ اس کی آڑ میں نو مئی جیسے واقعات کو فراموش کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا نو مئی کے مجرموں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود تھے۔جرائم اپنی جگہ موجود ہیں مگر معیشت اور سیاسی استحکام کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں ۔
Comments are closed.