نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئیگی‘ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے‘خطاب
گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہو جائے گا‘اجلاس کو بریفنگ
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین ‘پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے‘ بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے مشکور ہیں‘نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق امور پر اہم اجلاس ہوا۔اجلاس کو نیوء گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہو جائے گا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین ‘پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے‘ بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے مشکور ہیں‘نیوء گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایک مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے‘وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملک خصوصاً صوبہء بلوچستان کے دیگر علاقوں درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوء گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے۔گوادر ائیر پورٹ اے-380 (A-380) ہوائی جہازوں کو ہینڈل کر سکتا ہے جبکہ ائیرپورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے۔ پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیوء گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی اس ائیر پورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی، ائیر پورٹ سیکیوریٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائینز کی کراچی اور گوادر کے لئے موجودہ فلائیٹ آپریشن کے دورانئے کو جلد ہی ہفتے میں تین بار کیا جائے گا۔گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہو جائے گا۔یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان کی نجی ائیر لائینز‘ چین، اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیر لائینز سے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ائیرپورٹ پر کولڈ سٹوریج، وئیر ہاؤسز، کورئیر سروسز کی سہولیات، کارگو شیڈز، تکنیکی گراؤنڈ سپورٹ آلات، فیول فارمز، ہوٹیلز اور شاپنگ مالز کی لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔ایئرپورٹ پر بینک برانچز کے قیام اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بذریعہ سڑک رابطہ بہتر بنانے کے حوالے سے ایسٹ -بے (East-Bay) ایکسپریس وے کا پہلا حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے حصے کی فیزیبیلٹی تیار کی جا رہی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
Comments are closed.