ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے‘وزیراعظم

پاکستان کو بچانے کیلئے مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی
قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی‘مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے‘تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی‘قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔مسلم لیگ کے یوم تاسیس پرجاری پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا‘ایک سو اٹھارہ سال پہلے مسلم لیگ کے قیام کے بعد مسلمانوں کے نئے اور آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی، اور مسلسل جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن نصیب ہوا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے

‘پاکستان مسلم لیگ (ن) قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے‘تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی‘پارٹی کارکنان اور سیاسی اکابرین کے شکر گزار ہیں جن کے ساتھ کی بدولت پارٹی نے آمروں کے سامنے نعرہ حق بلند کیا‘قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہوئی مگر اپنی سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبے نے انہیں سرخرو کیا‘مسلم لیگ ن کے ادوار میں ملک میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی‘سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور عام آدمی خوشحال ہوا۔شہبازشریف نے کہا کہ آج بھی مسلم لیگ ن عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے قائد کی سر پرستی میں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے مصروف عمل ہے۔اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.