وزیر اعظم کی ہدایت‘2023 – لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے کی مزید پیشرفت‘گرفتار ملزمان کی تعداد 144

اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اورسال 2023 – لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے کی مزید پیشرفت ہوئی ہے اورگرفتار ملزمان کی تعداد 144 ہو گئی۔ مزید کریک ڈاون جاری ہے جبکہ ڈی جی ایف آئی اے نے کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کے شناختی کارڈ اور بنک اکاونٹس فوری بلاک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ائرپورٹ انچارجز اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرار نہ ہو پائے۔

گرفتار ملزمان میں 16 اشتہاری بھی شامل ہیں۔گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے انتھائی مطلوب انسانی سمگلر بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے نے مجموعی طور پر 197 مقدمات درج کئے۔کشتی حادثے میں ملوث 55 ملزمان کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کئے گئے۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔ انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مقیم انسانی سمگلروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسز جاری کئے گئے،ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیرنے کہا کہ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کے شناختی کارڈ اور بنک اکاونٹس فوری بلاک کئے جائیں۔ کشتی حادثات میں ملوث سہولت کاروں کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا عمل جاری ہے۔ ڈی جی نے کہا کہ ملک کے تمام ائرپورٹس پر تعینات افسران ایجنٹوں کے گرفتاری کے لئے کڑی نگرانی کریں۔ ائرپورٹ انچارجز اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرار نہ ہو پائے۔

Comments are closed.