معافی اس کو ملتی ہے جس نے معافی مانگی ہو،پی ٹی آئی والے دوبارہ 9 مئی دہرانے کے لیے تیار ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ معافی اس کو ملتی ہے جس نے معافی مانگی ہو۔ پی ٹی آئی والے دوبارہ 9 مئی دہرانے کے لیے تیار ہیں انہیں معاف نہیں کیا جانا چاہیے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معافی کے بعد رہا ہونے والے دوبارہ 9 مئی کا جذبہ رکھتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اپنے کیے پر کبھی شرمندہ نہیں ہوئے۔ پی ٹی آئی نے معصوم بچوں کو انتشاری سیاست کا ایندھن بنایا۔ یہ ایک طرف معافی نامہ لکھتے ہیں دوسری طرف دھمکیاں بھی دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتشار و فساد کا ایندھن بننے والے بچوں سے ہمدردی ہے، ایک طرف والدین ترلے منتے کرتے ہیں پھر باہر نکل کر زبان استعمال کر رہے ہیں کہ وہ تو 9 مئی دہرانے کے لیے تیار ہیں، یہ کیا رعایت کے مستحق ہیں۔اگر اب بھی 9 مئی کرنا چاہتے ہیں تو پھر معافی نہیں ملنی چاہیے۔ کے پی وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں بلوائیوں کے اعزاز تقریب ہوتی ہے کیا اچھا کام ہے یہ تو راستے بند کررہے ہیں۔ بلوائی پھر دھمکیاں دیتے اچھے لگیں گے کہ لیڈر کے لیے رعایت ہونی چاہیے

۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتیں۔ مریم نواز پنجاب کے عوام کی فلاح کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں۔ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ہم نے مہنگائی میں کمی کے لیے سرتوڑ کوشش کی۔ ہم نے مہنگائی کا رونا نہیں رویا، مہنگائی میں واضح طور پر کمی آئی ہے۔ جس پر وزیراعظم اور مریم نواز مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا 2025 کی پہلی پریس کانفرنس پر خوشی ہورہی ہے سال کے شروع میں بھی مریم نواز کی جانب سے خوشخبریاں سنا رہی ہوں۔ مریم نواز ہر ہفتہ پنجاب کے عوام کی بہتری کا پروگرام بناتی ہیں، ہر اجلاس صوبہ کے عوام کی ترقی فلاح و بہبود کے لیے ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں یہ نہیں ہوتا کسی کو پکڑلو، گرفتار کرلو۔ پہلے مہنگائی میں عالمی اعداد شمار بتائے جاتے رہے ہیں اب تو مہنگائی کم ہوگئی ہے۔ مہنگائی کا رونا نہیں رویا بلکہ عمل کرکے دکھایا، بڑے بڑے عالمی جریدے کہہ رہے پاکستان میں سٹاک ایکسچینج ہو یا ڈیفسڈ ہو سب بہتر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں مہنگائی کے لیے دونوں نے کردار ادا کیا۔ بجلی کی قیمتوں نے معیشت اور بجٹ کو بھی متاثر کیا۔ 14 روپے فی یونٹ پر 54 ارب روپے کی سبسڈی دی، اب مفت سولر پروگرام دیا جارہا ہے۔ بجٹ سے 10 ارب روپے کے ایک لاکھ فری پینل 200 یونٹ والوں کو دیں گے۔ 100 یونٹ والوں کی ضرورت کے مطابق سولر دیا جائے گا۔ مفت سولر کے لیے صارفین اپنے شناختی کارڈ 8800 پر رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔ ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 4.1 فیصد پر آگئی ہے۔ پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب تمام اسکیمز میں میرٹ کو ترجیح دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولر پروگرام عوام کو ریلیف دینے کے لیے شروع کیا گیا۔ کسی بھی پروگرام میں کوئی پارٹی بازی نہیں ہورہی، یہ نہیں ہو رہا کہ پی ٹی آئی کا بندہ ہے تو اسے ٹریکٹر نہیں دینا۔

Comments are closed.