ہمیں آج جتنا قائدکے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی ، وزیراعظم
اسلام آباد ( آن لائن) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قوم قائد اعظم کی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد، دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے،پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں جتنا آج قائد کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔اتوار کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان میں نگران وزیر اعظم نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 75واں یوم وفات ہے، پوری قوم آج کے روز قائد اعظم کی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد، دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔قائد اعظم کی جدوجہد ناصرف ایک اکثریت کی اقلیتوں کے حقوق کو عددی برتری کی بنا پر سلب کرنے کے نظریے کے خلاف تھی بلکہ مسلمانوں کی ایک علیحدہ قوم کے طور پر معاشی، معاشرتی، سیاسی، تہذیبی پہچان اور ایک منفرد طرزِ زندگی کو بحال کرنے اور اس حوالے سے ان کو اقوامِ عالم میں ایک نمایاں مقام دلوانے کیلئے تھی۔انوارلحق کاکڑ نے کہا کہ قائد اعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی،قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں،پاکستان کا وفاقی آئین قائدِ اعظم کے 14 نکات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہے جس کے تحت ہر اکائی کی انفرادی خوبصورتی کو ماند کئے بغیر سب کو یکساں ترقی و خوشحالی کے مواقع حاصل ہیں۔نگران وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں جتنا آج قائد کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائدِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اس سے بہتر کوئی اور طریقہ نہیں کہ ہم قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں، ہمیں ہر قسم کے اختلافات کو ختم کرکے مل کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم قائد کی روح سے کئے گئے عہد کی تجدید کریں کہ ہم اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بابائے قوم کے درجات بلند کرے اور ہمیں انکے بتاے ہوئے زریں اصولوں پر عمل کرنے کی توفیق دے
Comments are closed.