اسلام آباد(آن لائن)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت تمام منظور شدہ منصوبوں کے فنڈز کی مکمل اور بروقت فراہمی یقینی بنائے گی، جاری منصوبوں کی لاگت میں کسی بھی اضافے پر سی ڈی ڈبلیو پی اور ای سی این ای سی میں فوری غور کیا جائے گا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے ملاقات کی۔ ایم این اے سید نوید قمر، وزیرِ منصوبہ بندی سندھ، چیف سیکرٹری سندھ، چیئرمین پی اینڈ ڈی سندھ اور سیکریٹری خزانہ سندھ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اور متعلقہ وفاقی ڈویژنز کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سندھ کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔منصوبوں کی مختص رقوم، عملدرآمد اور منظوری سے متعلق امور پر غور کیاگیااور یقین دہانی کرائی گئی کہ سڑکوں کی تعمیر، پانی کے ذخائر، اسکول کے انفراسٹرکچر اور رہائش سے متعلق منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ملاقات میں منصوبوں کی منظوری اور عملدرآمد کی صورتحال پر تفصیلی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ منصوبوں کی منظوری شدہ لاگت کے اندر وقت پر تکمیل سندھ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام منظور شدہ منصوبوں کے لیے فنڈز کی مکمل اور بروقت فراہمی یقینی بنائے گی، جاری منصوبوں کی لاگت میں کسی بھی اضافے پر سی ڈی ڈبلیو پی اور ای سی این ای سی میں فوری غور کیا جائے گا۔
Comments are closed.