بھارتی یوم جمہوریہ کے خلاف کشمیریوں نے کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھرمیں یوم سیاہ منایا

اسلام آباد(آن لائن) بھارتی یوم جمہوریہ کے خلاف کشمیریوں نے کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھرمیں یوم سیاہ منایا۔ بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیری مرد و خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے بازو پر سیاہ پٹیاں اور ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے تھام رکھے تھے۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ دنیا اب جان چکی ہے اپنی آزادی کی جنگیں اپنے خون سے لڑنی پڑتی ہیں،محض اخلاقی، سفارتی حمایت سے یہ مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، کشمیر کی آزادی کیلئے ہمیں ایک قدم آگے بڑھنا ہوگا۔کشمیری مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت جمہوری نہیں بلکہ ایک فاشسٹ ملک ہے

،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام انسانی سلوک سلب کر رکھے ہیں،بھارت کا جمہوریت کا راگ الاپنا دوہرے معیار کا ثبوت ہے، بھارت نے اقلیتوں اور کشمیریوں سے زندہ ہونے کا حق بھی چھین رکھا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت سیکولر نہیں بلکہ اس وقت ہندتوا کی سوچ پر چل رہا ہے، بھارت نے خواتین سمیت کشمیری قیادت کو کئی سالوں سے پابند سلاسل رکھا ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کو قتل عام کا لائسنس دے رکھا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستی دہشتگردی کے باوجود بھارت کشمیریوں کا جذبہ ختم نہ کر سکا، بھارت نے بابری مسجد کو شہید کر کے وہاں مندر تعمیر کیا

، بھارت نے مسلمانوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ذبح کیا، دنیا میں جمہوری ملک کا دعوی کرتے بھارت کو شرم نہیں آتی، پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ ایک خون پر مبنی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرنے کہا کہ اپنی ریاستی دہشتگردی پر پردہ ڈالنے کیلئے بھارت الزام پاکستان پر لگاتا ہے، بھارت نے کینیڈا اور امریکہ میں لوگوں کو قتل کرایا، بین الاقوامی دنیا کے دوہرے معیار اب نہیں چل سکیں گے، دنیا اب جان چکی ہے اپنی آزادی کی جنگیں اپنے خون سے لڑنی پڑتیں ہیں، محض اخلاقی، سفارتی حمایت سے یہ مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، کشمیر کی آزادی کیلئے ہمیں ایک قدم آگے بڑھنا ہوگا۔

Comments are closed.