دہشت گردوں نے سڑک بلاک کر کے پرامن شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی
کلیئرنس آپریشن کے دوران ضلع ہرنائی میں11 دہشت گرد مارے گئے،ٹھکانے تباہ،آئی ایس پی آر
راولپنڈی ،قلات (آن لائن)بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف جھڑپ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران23 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 18 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی رات روڈ بلاک کرکے پرامن شہریوں کے معمولات زندگی متاثر کرنے اور انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی کی جس سے 12 دہشت گرد مارے گئے، وطن کے 18 سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلات واقع کے بعدمختلف کلیئرنس آپریشنز کئے ،ضلع ہرنائی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران11دہشت گرد مارے گئے
،ضلع ہرنائی میں کئی دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ،ترجمان کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران23دہشت گردانجام کوپہنچے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن قوتوں کی ایماء پر دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کا مقصد بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا تھا، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا گیا اور بارہ دہشت گرد مارے گئے
، تاہم آپریشن کے دوران اٹھارہ بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے وطن عزیز پر قربان ہوگئے، علاقے میں اس گھناوٴنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب عناصر، سہولت کار اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے کلیئرنس آپریشنز بھی کئے، سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments are closed.