بیجنگ(آن لائن)پاکستان اور چین کے درمیان توانائی، کوئلے اور سیمنٹ کے 300 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے ، دستخط کی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری بھی شریک تھے۔ گوادر پرو کے مطابق جمعرات کو بیجنگ ہونے والی دستخط کی تقریب میں پاکستانی اسٹیک ہولڈرز اور چینی سرمایہ کاروں کے درمیان ہونے والے معاہدوں کا مقصد ملک کی صنعتی ترقی اور توانائی کے استحکام کو بڑھانا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق حکومت سندھ کے محکمہ توانائی اور منگ یانگ رینیوایبل انرجی (انٹرنیشنل)کمپنی لمیٹڈ نے صوبے میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے وزارت توانائی کی جانب سے دستخط کیے جبکہ چین کی جانب سے منگ یانگ رینیوایبل انرجی کے چیئرمین لی جیان ڑانگ نے دستخط کیے۔
اس شراکت داری میں ونڈ اور سولر ہائبرڈ پاور جنریشن پراجیکٹس پر توجہ دی جائے گی جن میں کوٹری/نوری آباد انڈسٹریل ایریا میں 75 میگاواٹ کی سہولت اور ٹھٹھہ کے علاقے جھمپیر میں 350 میگاواٹ کا پلانٹ شامل ہے۔ گوادر پرو کے مطابق سیمنٹ کے شعبے میں ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور ڑونگ گانگ کنسٹرکشن گروپ نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جس میں 5000 ٹن/ ڈی سیمنٹ کی نئی پیداواری لائن کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ۔ مزید برآں، سندھ حکومت نے پاکستان میں کوئلے کی گیسی فیکیشن اور یوریا کی پیداوار کے پلانٹ کے لئے میس کے فیمٹی سی جی اینڈ ایم پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سینیٹ کے چیف وہپ ،سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر توانائی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سمیت سینئر حکومتی نمائندوں، کاروباری رہنماں اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
Comments are closed.