پاکستان اڑان بھرنے کیلئے تیار، پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے: احسن اقبال

لاہور(آن لائن) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ کے فتنے نے ملک کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا تھا تاہم اب پاکستان ایک بار پھر اڑان بھرنے کو تیار ہے، فتنوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا ۔ لاہور میں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دو ہزار اٹھارہ کے فتنے نے ملک کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا تھا ۔ جو اکنامک زونز ہم نے 2020میں تیار کرنے تھے ہم 2022میں آئے تو ایک بھی تیار نہیں ہوا تھا

، جب ہم حکومت میں آئے تو دنیا میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ پاکستان 6ہفتوں میں سری لنکا بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے دلیرانہ طریقے سے فیصلے کیے، پاکستان آج دوبارہ ٹرن آراوٴنڈ پر آگیا ہے، مہنگائی 38فیصد سے 4فیصد پرآگئی ہے، پالیسی ریٹ 12فیصد پر آگیا ہے، سٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے، ملک ایک بار پھر اڑان بھرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا اس اڑان کا حشر بھی پچھلی اڑانوں جیسا کرنا ہے؟ ہمیں اپنے اطوار بدلنا ہوں گے، امن ،استحکام ،پالیسی کا تسلسل اور اصلاحات پر عمل کرنے کا عزم بہت ضروری ہے، ہم نیاگلے سنگ میل پر نظر رکھنی ہے۔

Comments are closed.