لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ طلبا کسی کے سیاسی مقاصد کا ایندھن نہ بنیں ۔ مجھ پر ذاتی حملے کرنے والے کے پی کے وزیراعلی اپنی کارکردگی پر توجہ دیں عوام نے انھیں قومی خدمت کے لئے منتخب کیا تھا دوسروں پر کیچڑ اچھالنے لئے لئے نہیں ۔ تحریک انصاف نے 4 سالہ دور اقتدار میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جشن سٹیم میں شرکت کی اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے، سکول کے بچوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپنے سکول یونیفارمز پر دستخط کرائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجھے آپ سب بچوں پر بہت فخر ہے، سرکاری سکولوں میں تعلیم پرائیویٹ سے بہت پیچھے ہے، سرکاری سکولوں کے بچوں میں بہت پوٹینشل ہے، تھوڑی سی توجہ دی جائے تو سرکاری سکولوں کے بچے پوری دنیا فتح کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں پورے پنجاب سے بچے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا پورے پنجاب سے ان مقابلوں میں 2 لاکھ 75 ہزار بچوں نے حصہ لیا، آج ان 2لاکھ سے زائد بچوں میں سے 1100 ونرز یہاں موجود ہیں، بچے چھوٹے ہیں مگر ان کے خواب بہت بڑے ہیں، پنجاب کی مٹی بہت زرخیز ہے، بچوں کو کہا کچھ بھی ہوجائے خواب دیکھنے نہیں چھوڑنے، میں بطور وزیراعلیٰ تمام بچوں کی ماں ہوں، وعدہ ہے ہر روز آپ کیلئے کام کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گی میرے بچوں کے تمام خواب پورے ہوں، جو بھی میرے پاس وسائل ہیں وہ سب آپ پر نچھاور کروں گی، پنجاب میں میرے پاس 49 ہزار سکول ہیں، کوشش ہے تمام سکولوں میں وسائل اور اچھا ماحول دیں، شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ 2008 میں آئی ٹی لیبز بنائی تھیں، میں کوشش کررہی ہوں تمام طلبہ کو جدید آئی ٹی لیبز ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بچے ان 49 ہزار بچوں میں پڑھتے ہیں ان کیلئے سپوکن انگلش کی کلاسز بھی شروع کررہی ہوں، آپ اپنی علاقائی زبانوں پر بھی مہارت رکھیں، دنیا کے مقابلے کیلئے آپ کو انگریزی پر بھی مہارت حاصل ہونی چاہیے، بچوں کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کونسا راستہ کامیابی اور کونسا تباہی کی طرف جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 30 ہزار بچوں کو سکالر شپس دیئے ہیں، جن بچوں کو سکالر شپس دیئے شاید وہ اس کے بغیر پڑھ نہ سکتے، میرٹ پر آنے والے بچوں نے بہت سی مجبوریاں بتائیں، میرٹ پر آنے والے 30 ہزار بچوں کو جب سکالر شپس دیئے تو بہت خوشی ہوئی، لوگوں کو لگتا ہے یہ سب پلانٹڈ ہے، میرا اور آپ کا پیار کا رشتہ لوگوں کو برداشت نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جو تنقید آپ کو بری لگتی ہے وہ آپ کو آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہے، دل میں یہ لے کر چلنا ہے کہ تنقید کرنے والوں کو اپنی محنت سے شکست دینی ہے، آپ کے خوابوں کو میں پورا کروں گی، کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے، ہونہار سکالر شپس کو 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 4 سالہ دور حکومت میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا، مخالف پر چور ڈاکو کے طعنے کسنے والا آپ کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا طلبا کسی کے سیاسی مقصد کا ایندھن نہ بنیں کریں ملک کیخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے، ان کے اپنے بچے باہر عیاشیاں کر رہے ہیں اور دوسروں کے بچوں کو ورغلا کر انہوں نے جیلوں میں ڈلوایا ہے ۔ انہوں نے کہا کچھ روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مجھ پر ذاتی حملہ کیا، یہ لوگ مخالفین پر ذاتی حملے کرتے ہیں، ان کا کام ذاتیات پر حملہ کرنا نہیں عوام کی خدمت کرنا ہے۔ عوام نے انھیں خدمت کے لئے ووٹ دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا علی کے پی کے کو اپنی کارکردگی پر نظر ڈالنی چاہیے انکے صوبے کے بچے سکالر شپس کے لئے مجھے در خواستیں بھیج رہے ہیں ۔ جو کہ ان بچوں کا حق ہے ۔ لیکن صوبے کا وزیر اعلی دن رات انتشاری سیاست میں مصروف ہے ۔
Comments are closed.