وزیراعظم سے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر رافیل ماریانو گروسی کی ملاقات

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ادارے (آئی اے ای اے)کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر رافیل ماریانو گروسی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے لیے جوہری توانائی کو فروغ دینے کے لیے آئی اے ای اے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پائیدار ترقی کیلئے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران کینسر کی تشخیص اور علاج، زراعت، غذائی تحفظ، پانی کے انتظام اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بطور رکن آئی اے ای اے کئی دہائیوں پر محیط اس تنظیم کے ساتھ نتیجہ خیز اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو برقرار رکھا ہے۔آئی اے ای اے کے تعاون سے، پاکستان نے جوہری توانائی کی پیداوار، صنعتی ترقی، صحت کی دیکھ بھال، زرعی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ وزیراعظم نے پرامن مقاصد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے پاکستان کے دیرینہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ آئی اے ای اے پاکستان کے ساتھ اسی جذبے سے کام کرتا رہے گا۔

Comments are closed.