سمگلرز مافیا کا خاتمہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ضروری ہے‘ وزیر داخلہ محسن نقوی

کراچی(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سمگلرز مافیا کا خاتمہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ضروری ہے‘ سندھ رینجرز نے امن کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔سندھ رینجرز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستان رینجرز سندھ ہیڈ کوارٹر ز کا دورہ کیا۔ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمریز نے رینجرز ہیڈکوارٹر پہنچنے پر وفا قی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا ۔وزیرداخلہ محسن نقوی کا رینجرز کے افسران سے تعارف کرایا گیا ۔ وفا قی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یاد گارِ شہدا پر حاضری دی، یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دُعا کی ۔اس موقع پر ملک کی سالمیت، امن، ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیااورکہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستان رینجرز سندھ ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہواجس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریز نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان رینجرز(سندھ) کی آپریشنل تیاریوں،سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی سپیکٹرم کے خلاف آپریشنز اورکراچی میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری 2025 سے اب تک 724 آپریشنزمیں 1133 جرائم پیشہ عناصر گرفتارکئے گئے۔ منشیات کے کاروبار میں ملوث 182 ملزمان پکڑے گئے۔اسی مدت میں660 کلو منشیات قبضہ میں لی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ میں دہشتگردی،سٹریٹ کرائمز، نان کسٹم پیڈ اشیاء کی سمگلنگ اور غیر قانونی سپیکٹرم کے خلاف آپریشنزاور دیگر جرائم کے سدباب اور امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کو سراہا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انسداد سمگلنگ آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سمگلرز مافیا کا خاتمہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ضروری ہے‘ محسن نقوی نے کراچی میں قیام امن کیلئے سندھ رینجرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ۔سندھ رینجرز نے امن کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔سندھ رینجرز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ \

Comments are closed.