بانی چیئرمین سازشیوں کے گھیرے میں ہے‘ خان صاحب کے نظریات کے خلاف کبھی نہیں جاؤں گا ‘شیرافضل مروت

اسلام آباد(آ ن لائن)تحریک انصاف کے نکالے گئے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ میرے ساتھ پی ٹی آئی کے ان افراد نے ناانصافی کی ہے جو مجھے شروع سے ناپسند کرتے تھے۔ میرا ایسے لوگوں سے جھگڑا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ‘ میں ایسے اذیت دینے والوں کے سامنے کبھی نہیں جھکوں گا۔ بانی چیئرمین سازشیوں کے گھیرے میں ہے۔ میں خان صاحب کے نظریات کے خلاف کبھی نہیں جاؤں گا اور وہ ہمیشہ میرے لیڈر رہیں گے۔ میرا جرم صرف یہ ہے کہ میں نے پارٹی کے اندر کبھی کسی گروپ کا ساتھ نہیں دیا ‘ میں نے ہمیشہ خان کو اپنا گروپ لیڈر مانا۔

سوشل میڈیا پرایک ٹویٹ میں شیر افضل مروت نے کہا کہ میں اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کا جاری بائیکاٹ ختم کرتا ہوں۔ میں خان صاحب کے نظریات کے خلاف کبھی نہیں جاؤں گا اور وہ ہمیشہ میرے لیڈر رہیں گے۔ میں اس کی پوزیشن اور اس حقیقت کو سمجھتا ہوں کہ اس کے پاس معلومات تک محدود رسائی ہے ۔ بانی چیئرمین سازشیوں کے گھیرے میں ہے۔ میں آج رات قومی میڈیا پر اپنے نقطہ نظر کی وضاحت کروں گا۔ میں امید کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے کارکنان آزمائش کی اس گھڑی میں ساتھ دیں گے۔ میں ان کی آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں رہوں یا نہ رہوں سچائی اور عزت نفس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ میری اقدار مجھے کبھی بھی ناانصافی کے خلاف رحم مانگنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

اگر یہ فیصلہ یکطرفہ طور پر واپس نہ لیا گیا تو میں کبھی بھی اس کی درخواست نہیں کروں گا۔ میں اس سلوک کا کبھی مستحق نہیں تھا۔ پاکستان کے اندر اور بیرون ملک پی ٹی آئی کے ان تمام رہنما ہمت پیدا کریں اور اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائیں۔شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وہ پارلیمنٹیرینز جنہوں نے 26ویں ترمیم کے دوران اپنے ہوش و حواس بیچ دیئے وہ آج بھی پی ٹی آئی میں ہیں ‘ مجھے بلا وجہ نکال دیا گیا ہے یہ آمریت ہے نہ کہ منصفانہ یا جمہوری انداز۔ اگر اس اجارہ داری کو نہ روکا گیا تو یہ ہمیں مکمل ناکامی کی طرف لے جائے۔

Comments are closed.