صدر، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا2 مُختلف آپریشن میں 15 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین ‘شہداء کو خراج عقیدت
دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا‘صدر آصف زرداری
افواج پاکستان کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دن رات مصروف عمل ہیں‘پاکستانی قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے‘ وزیراعظم
قوم شہداء کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی‘شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘وزیرداخلہ محسن نقوی
سیکیورٹی فورسزدہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں‘ آئی ایس پی آر
اسلام آباد(آن لائن)صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبر پختون خوا میں 2 مُختلف آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 15 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین اور شہیدہونے والے 4جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی حفاظت کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں‘پاکستانی قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہداء کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی‘شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آئی ایس پی آرنے کہا کہ سیکیورٹی فورسزدہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ایک بیان میں آئی ایس پی آرنے کہا کہ سیکیورٹی فورسزکاممکنہ خارجیوں کے خاتمے کیلئیک لیئرنس آپریشنزمیں مصروف ہیں۔سیکیورٹی فورسزدہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں
،بہادرجوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کومزیدتقویت دیتی ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایک بیان میں خیبر پختون خوا میں 2 مُختلف آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 15 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائی کے دوران فتنة الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہااورجامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹننٹ محمد حسان اشرف شہید سمیت 4 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔صدر مملکت نے پاک فوج کے بہادر شہداء کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی، صبر جمیل کی دعاکی اور کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا، صدر مملکت نے فتنة الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی۔وزیرِ اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرِ ستان میں علیحدہ علیحدہ آپریشنز میں 15 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف، نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا. کی اورکہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے‘دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے‘دہشتگردوں کے ملک کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی حفاظت کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔
پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ملک کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں 2 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں 15 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پرسکیورٹی فورسز کی تحسین اور خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف سمیت 4 جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف اور دیگر شہداء نے جان دے کر خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف‘ نائب صوبیدار محمد بلال‘ سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔قوم شہداء کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بارپھر کامیاب آپریشنز کرکے 15 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ 15 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔ خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ قوم خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
Comments are closed.