سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پارلیمنٹ کو گندگی سے پاک اوراس کے حسن کو برقرار رکھنے کے لئے بڑا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن)سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کو گندگی سے پاک اوراس کے حسن کو برقرار رکھنے کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی عمارت میں تمباکو نوشی،تھوکنے اور گند پھیلانے پر پابندی عائد کر دی ہے اور تمباکو نوشی کی روک تھام اور پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت میں فضلہ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ہدایت کی ہے۔ایک مراسلہ میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملازمین،عملہ اور وزیٹرز کثرت سے سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ سپیکر نے راہداریوں، دفاتر اور گرین بیلٹ کے علاقوں میں سگریٹ کے بٹس ملنے پر تشویشناک کا اظہار کیا۔
راہداریوں کے ساتھ ساتھ عمارت کے باہر گرین بیلٹس پر تھوکنے اور ریپرز کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کی صفائی، سجاوٹ اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات جاری کیں،پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کے اندر،کوریڈورز، دفاتر اور عمارت کے دیگر تمام اندرونی علاقوں میں سگریٹ نوشی کی سختی سے ممانعت کی اور کہا کہ سگریٹ کے بٹز کو ذمہ داری کے ساتھ مخصوص ڈبوں میں ٹھکانے لگایا جائے ۔کسی بھی علاقے میں سگریٹ کے بٹز پھینکنا سختی سے ممنوع قرار دیدیا گیا ،پارلیمنٹ ہاؤس کی پوری عمارت کے اندر تھوکنا بھی سختی سے ممنوع قرار دیدیا گیا ۔مراسلہ کے مطابق ریپر اور دیگر فضلہ مواد کو فراہم کردہ کوڑے دان میں ٹھکانے لگایا جائے۔ راہداریوں یا دیگر علاقوں میں ریپر یا کوئی اور فضلہ پھینکنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ تمام ملازمین، عملہ، اور وزیٹرز سے بغیر کسی استثنا کے رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عدم تعمیل کو سنجیدگی سے نوٹس کیا جائے گا،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed.