پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے‘نوازشریف

جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا (ن)لیگ نے ہی معیشت کو بحالی کے راستے پر ڈالا ہے‘ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لئے ناگزیر ہوتا ہے‘زاہدخان کا ن لیگ میں خیرمقدم

لاہور(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پاکستان کا دل ہے اور وہاں کے عوام نے تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں‘ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے۔ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا (ن)لیگ کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کابیٹرہ اٹھایا اور اللہ تعالی کی مددسے پاکستان کی معیشت کو بحالی کے راستے پر ڈالا ہے‘ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لئے ناگزیر ہوتا ہے۔پاکستا ن مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کی صوبائی تنظیم نے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق سینیٹر اور اے این پی کے مرکزی سیکریٹری ا طلاعات زاہد خان نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوکر بھرپورسیاسی کردار ادا کرنے کاعزم دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اسکے قائد محمدنواز شریف کانظریہ اورپروگرام ہی پاکستان اور خیبرپختونخواہ کے عوام کو موجودہ مسائل سے نجات دلواسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی حکومت نے خیبرپختونخواہ کے عوام کو کئی عرصوں سے جاری دہشت گردی کا خاتمہ کر کے امن و سکون لوٹایا اور ملک کے لئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جن کی بدولت عوام کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل جیسا منصوبہ جو کہ سفیدہاتھی بن چکا تھا اسے نواز شریف نے مکمل کرواکر چترال کے عوام کے لئے بہترین سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کے خیبرپختونخوا کے عوام وزیراعلی مریم نواز کی کارگردگی کو سراہتے ہیں اور اپنے صوبے میں بھی مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدرمحمد نواز شریف نے زاہد خان کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ وہ منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں اور ان کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) کی طاقت میں ا ضافہ ہوگا۔نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کا دل ہے اور وہاں کی عوام نے تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے۔ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کابیٹرہ اٹھایا اور اللہ تعالی کی مددسے پاکستان کی مععشت کو بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔

پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں۔ ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لئے ناگزیر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ معیشت میں ڈھالنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر احسن اقبال مرکزی سیکریٹری جنرل مسلم لیگ(ن)، امیر مقام صدر کے پی کے مسلم لیگ(ن)، جاوید مرتضی عباسی سیکریٹری جنرل کے پی کے، کیپٹن صفدر اور انوشہ رحمان ایڈشنل سیکریٹری جنرل مسلم لیگ(ن) بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے صدر مسلم لیگ (ن) کو بریف کیا کہ ہزارہ ائیرپورٹ کی فنڈنگ کو پی ٹی آئی کی حکومت میں روک کر منصوبے کو ترک کردیا گیاتھا۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ(ن) نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے 20 پسماندہ ترین اظلاع کے لئے ترقیاتی منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پسماندہ علاقوں کی ترقی کی دوڑ میں آگے لانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ ترقی میں کوئی علاقہ یا طبقہ محروم نہ رہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے خیبرپختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفینگ بھی دی۔

Comments are closed.