دہشتگردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی سپیکٹرم ہے جسکی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں،آرمی چیف

بہاولپور(آن لائن)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بہاولپور کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے، جس کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں کبھی بھی اپنے عقیدہ، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہئے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ ملکی ترقی کے لئے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کی بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے،

جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی، اور یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تو کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی سپیکٹرم ہے جسکی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپکو انکے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کیلئے پاک فوج کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا،

طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ وہ لگن کے ساتھ تعلیمی عمل مکمل کریں اور قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لئے تعلیمی مہارتیں حاصل کریں، انہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے اہم کردار کی بھی تعریف کی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کے لئے فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.