نوازشریف کیخلاف سازش کرنیوالا ہر کردار ذلت و رسوائی سمیٹ کر گھر گیا، مریم نواز
لاہور ( آن لائن) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کیخلاف سازش کرنیوالا ہر کردار ذلت و رسوائی سمیٹ کر گھر گیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک پر جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا "ہر بار کہا گیا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی وہ تاحیات نااہل ہیں لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کی طاقت سے وہ ہر بار واپس آتا ہے اور پوری طاقت سے آتا ہے”۔مریم نواز نے کہا کہ "جس جس کردار نے نواز شریف کے خلاف سازش کی وہ ایک ایک شخص اپنے انجام کو پہنچا، نہ صرف اپنے انجام کو پہنچا بلکہ ذلت اور رسوائی سمیٹ کر گھر گیا، آسمان کا نظام جب حرکت میں آتا ہے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا”۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے 21 اکتوبرکو مینارپاکستان پرجلسے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے کارکنوں کو مذکورہ دن مینار پاکستان پہنچنے کی کال دے دی ہے جب کہ نواز شریف نے ایئرپورٹ پر صرف سینئرقیادت کو آنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف مینار پاکستان جلسے سے خطاب کے بعد داتا دربار پر حاضری دیں گے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لندن سے واپس آنے والے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف حفاظتی ضمانت ملنے کی صورت خود عوامی استقبال سے خطاب کریں گے، اس کے لیے پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ نوازشریف بذریعہ ہیلی کاپٹرایئرپورٹ سے مینار پاکستان جائیں گے اور ان کے جیل جانے کی صورت میں مینارپاکستان پراحتجاجی جلسہ ہوگا، ملک بھر سے آنے والے رہنما و لیگی کارکنان مینارپاکستان پر جمع ہوں گے۔دوسری طرف سابق وزیر اعظم میاں شہبازشریف لندن سے لاہور پہنچ چکے ہیں، صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شہبازشریف لندن میں ایک مہینہ قیام کے بعد آج وطن واپس آئے ہیں،
شہبازشریف نے دورے کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے ساتھ کئی اہم ملاقاتیں کیں اور پارٹی قائد کی وطن واپسی کا اعلان بھی کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شہباز شریف نے لندن میں متعدد پارٹی میٹنگز میں بھی حصہ لیا، شہبازشریف وطن پہنچ کر اب مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیں گے اور ان کے استقبال کے لئے پارٹی کے دیگر رہنماوٴں سے بھی مشاورت کریں گے۔
Comments are closed.