ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں، یہ فرق ہمیشہ رہے گا،عطاء اللہ تارڑ

گوجرانوالہ (آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں،9 مئی والوں نے اس ملک کے دفاعی اداروں پر حملے کئے اورہم نے 28 مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ فرق ہمیشہ رہے گا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کے بچوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا، آج ان کا سوشل میڈیا کا بخار اتر چکا ہے، آج ان کی پارٹی دس حصوں میں بٹ چکی ہے، قوم کو تقسیم کرنے والی جماعت آج خود تقسیم کا شکار ہے۔یہاں کئی ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قائد نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات محنت کر کے ملکی معیشت کو استحکام دیا،9 مئی والوں نے اس ملک کے دفاعی اداروں پر حملے کئے اور محمد نواز شریف کی قیادت میں ہم نے 28 مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ فرق ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا،

بانی پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی،پی ٹی آئی نے لوٹ مار کی سیاست کی، عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں ملکی ترقی کا سفر روکا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج معاشی اشاریئے مثبت ہیں، مہنگائی میں کمی آئی ہے،پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاوٴنڈ کی ڈکیتی کی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کے بچوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا، آج ان کا سوشل میڈیا کا بخار اتر چکا ہے، آج ان کی پارٹی دس حصوں میں بٹ چکی ہے، : قوم کو تقسیم کرنے والی جماعت آج خود تقسیم کا شکار ہے۔ عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملکی سالمیت کے لئے قربانیاں دے رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ترقیاتی منصوبے دیئے، گکھڑ کے اندر ٹریفک کے مسائل حل کئے جائیں گے،اس علاقے نے ہمیں پہچان اور شناخت دی ہے، بلال فاروق تارڑ کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر یہاں سے شروع کیا،

جتنے منصوبے آج یہاں شروع ہو رہے ہیں یہ اس علاقے کے عوام کا قرض ہے جو ہم اتارنے آئے ہیں، پیر کوٹ سے کلیر تک 8 کلو میٹر سڑک کی تعمیر ہوگی، آنے والے سالوں میں حلقے کو مزید ترقی دیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، قائد نواز شریف کی قیادت میں ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، گکھڑ کے عوام نے ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مسلم لیگ (ن) کا سر فخر سے بلند کیا، ایک سال پہلے اس ملک میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، کچھ ایسے بدبخت تھے جو ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی دعائیں کر رہے تھے، ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

Comments are closed.