اسلام آباد(آن لائن )پاکستان تحریک انصاف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ متنازعہ صدر ہیں اپوزیشن اراکین نے کہاکہ جب تک ملک میں حقیقی جمہوریت قائم نہ ہواس وقت تک ہمارا احتجا ج جاری رہے گا۔سوموار کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے کہاکہ ہمارے بہادر مسلح افواج کے افسران اور سپاہی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں اور انٹیلی ایجنسیوں کی غفلت کی وجہ سے ہمارے یہ جوان شہید ہورہے ہیں کیونکہ ایجنسیوں والے پی ٹی آئی کے پیچھے لگے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ آج ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے یہی ایجنسیاں مار رہی ہیں ہمارے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو جعلی اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے ڈاکٹر یاسمین راشد ،شاہ محمود قریشی ،عمر چیمہ ،سینیٹر اعجاز چوہدری ،حسان نیاز ی اور دیگر ان گنت ہمارے قائدین اور کارکن سیاسی قیدی ہیں اس وقت ملک میں کوئی بھی قانون کی بالادستی نہیں ہے یہی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی ہے
انہوں نے کہاکہ ملک سے 20لاکھ نوجوان باہر چلے گئے ہیں ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے پیپلز پارٹی سندھ میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سندھ کا پانی بیچنے جارہے ہیں انہوں نے نہ تواین ایف سی ایوارڈ کااجرا کیا اور نہ ہی مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کیا انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پکے کے ڈاکووں کا راج ہے پنجاب پولیس ڈاکوؤں کا گروہ ہے مریم نواز60 صفحوں کا اشتہار چھاپتی ہے مگر کارکردگی صفر ہے کرپشن میں اضافہ ہوگیا ہے مہنگائی بڑھ گئی ہے بلوچستان کے سرحدوں پر اربوں روپے کی سمگلنگ ہورہی ہے اس کا ذمہ دار کون ہے آج کوئٹہ میں سیکورٹی لاک ڈاؤن ہے یہ ذمہ داری کس کی ہے ۔ پی ٹی آئی کے چیرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ آج ہم نے بے نظیر کی تصویر کے پیچھے زرداری کی لیگیسی دیکھی ہے انہوں نے کہاکہ آج کی تقریر میں آصف علی زرداری ثابت نہیں کرسکے کہ ملک میں جمہوریت ہے
انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب اپوزیشن کے چیمبر سے گزر کر نہیں گئے آصف علی زرداری آج بھی متنازع صدر ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارا احتجاج جیسے آج تھا ہمیشہ ایسے جاری رہے گاانہوں نے کہاکہ ہمیشہ فیصلے ایوان سے باہر ہوتے رہے ہیں اور ایوان کو فوقیت نہیں دی گئی انہوں نے کہاکہ یہ ایوان مکمل نہیں ہے جس کا ہم اعادہ کرچکے ہیں سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ اس ایوان میں جتنے بھی قوانین پاس ہوئے اس کی کوئی اخلاقی اور قانونی حیثیت نہیں ہے انہوں نے کہاکہ سینیٹ میں ایک صوبے کی نمائندگی ہی نہیں ہے ایک صوبے کی نمائندگی کے بغیر الیکشن کیسے کروا لیے جاتے ہیں اور بل پاس کیسے ہورہے ہیں۔
Comments are closed.