وزیر اعظم سے یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین (EU) کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی آج وزیر اعظم ہاوٴس میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کی اظہار تعزیت پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کیا. وزیر اعظم نے ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ تعاون پر مبنی شراکت داری، بالخصوص جی ایس پی پلس اسکیم جس نے اپنے آغاز سے ہی پاکستان اور یورپی یونین کو بھرپور فائدہ پہنچایا، کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے انسانی حقوق سمیت پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلووٴں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے مئی میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے پاکستان-یورپی یونین کے اعلیٰ سطح بزنس فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کیا اور یورپی یونین کی سفیر کو اس تقریب کو کامیاب بنانے میں پاکستان کے مکمل تعاون اور سہولت کا یقین دلایا۔ یورپی یونین کی سفیر نے وزیر اعظم کو یورپی یونین کے وفود کے حالیہ پاکستان کے دوروں کے ساتھ ساتھ آئندہ دوروں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

Comments are closed.