کالعدم بی ایل اے دہشت گردوں کے ایک حملے میں 3جوان اور2شہری شہید‘جواب میں خود کش حملہ آور اور3مزید دہشتگرد ہلاک

لاہور‘راولپنڈی‘نوشکی(آن لائن)کالعدم بی ایل اے دہشت گردوں کے ایک حملے میں 3جوان اور2شہری شہید ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خود کش حملہ آور اور3مزید دہشت گرد ہلاک کردیئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوشکی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا اور کہا ہے کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے اتوار کی صبح ایف سی کانوائے پر نوشکی کے مقام پر بارودی دھماکہ اور خود کش حملہ کیا،سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف فوری موثر جوابی کاروائی کی، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتداء جوابی کاروائی میں خود کش حملہ آور کے علاوہ تین اور دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے

،بزدلانہ خود کُش حملے میں ایف سی کے تین جوان اور دو سویلین شہید ہو گئے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنیس آپریشن شروع کر دیا ہے، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے بھاگنے والے تمام راستے بلاک کر دیے ہیں،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ادھرایک بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوشکی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا اور کہا ہے کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعاء اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Comments are closed.