ملک میں بڑھتی دہشتگردی اورنیشنل ایکشن پلان ٹو پر عمل درآمد‘ پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس رواں ہفتے بلائے جانے کا امکان

اسلام آباد (آن لائن) ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اورنیشنل ایکشن پلان ٹو پر عمل درآمد کے حوالے سے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس رواں ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے،اجلاس میں اعلیٰ فوجی قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہاں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم سمیت اپوزیشن رہنما اور سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔حکومتی ذرائع کے مطابق ملک میں بڑھتی دہشت گردی کے معاملے پر حکومت نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس رواں ہفتے بلانے پر وزیراعظم نے مشاورت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس بدھ یا جمعرات کو متوقع ہے اجلاس کی صدارت سپیکر ایاز صادق کرینگے

وزیراعظم شہبازشریف بھی شرکت کرینگے۔ اجلاس میں اعلی عسکری قیادت اور اینٹلی جنس اداروں کے سربراہ بھی شرکت کرینگے ۔ذرائع کے مطابق پورے ایوان کو سلامتی کمیٹی میں تبدیل کیا جائے گااور وفاقی وزراء سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے لیڈرز کو دعوت دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اعلی عسکری قیادت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑھتی وجوہات پر بریفنگ دے گی اور اراکین کے سوالات کے جواب بھی دئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی میں آئندہ کی حکمت عملی بھی منظور کی جائے گی اور بلاول بھٹو کی نیشنل ایکشن پلان ٹو کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے فیصلے کی روشنی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں تیزی لانے سے متعلق فیصلے ہونگے جبکہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔۔۔۔۔۔اعجاز خان

Comments are closed.