راولپنڈی(آن لائن) عید کے پر مسرت کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے ریلوے کے کرایوں میں 20فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر ریلوے نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ویژن کے مطابق عید پر عوام کے لئے خصوصی اقدام اٹھایا۔ کرایوں میں کمی کا اطلاق تمام میل، ایکسپریس اور انٹرسٹی مسافر ٹرینوں پر ہو گا۔ریلوے حکام کے مطابق کرایوں میں کمی کا اطلاق عید کے تینوں دنوں کی بکنگ پر ہو گا، کرایوں میں کمی کا اطلاق عید اسپیشل ٹرینوں پر نہیں ہو گا،پاکستان ریلوے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔خصوصی رعایت کا مقصد عید الفطر کی خوشیوں کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام عید کے موقع پر ملک بھر میں مسافروں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔وزیر ریلوے نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ تمام حفاظتی انتظامات اور ٹرین سروسز کا معیار برقرار رکھا جائے۔ پاکستان ریلوے عوام کو بہتر سہولیات دینے پر یقین رکھتا ہے۔وزیراعظم کی ہدایات پر عیدالفطر کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے عوام کے لئے اس عید پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلائی جائے گی۔ عید کے موقع پر مسافروں کو زیادہ سہولت اور محفوظ سفر فراہم کیا جائے گاپہلی اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی کینٹ سے براستہ ملتان، ساہیوال لاہور روانہ ہو گی۔ یہ ٹرین 16 کوچز پر مشتمل ہوگی۔ دوسری اسپیشل ٹرین، 26 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور روانہ ہو گی۔ دوسری ٹرین 11 کوچز پر مشتمل ہوگی۔ تیسری اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو لاہور سے براستہ ملتان کراچی روانہ ہو گی۔ چوتھی اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی روانہ ہو گی۔ یہ ٹرین 14 کوچز پر مشتمل ہوگی۔ یہ ٹرین براستہ فیصل آباد، سرگودھا، لالاموسی سے ہوتے ہوئے راولپنڈی پہنچے گی۔
پانچویں اسپیشل ٹرین 28 مارچ کو کراچی کینٹ سے براستہ ملتان، فیصل آباد لاہور روانہ ہو گی۔ اس ٹرین میں 16 کوچز ہونگی۔ تمام ٹرینیں اکانومی، اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس پر مشتمل ہوں گی۔ مسافروں کے لیے پیشگی بکنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ ریلوے ڈویژنز کو شیڈول سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈس کو روانگی کے وقت کی پابندی کی ہدایات کی گئی ہیں۔ تما م ڈی ایس کو اسٹیشن پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہاکہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ غفلت پر افسران و عملے کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔پشاور تا کراچی ٹرینوں کی بہتری کے لیے ایڈاپشن پالیسی ترتیب دی گئی ہے۔اس پالیسی کے ذریعے اسٹیشنز اور کوچز کی حالت بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔
Comments are closed.