وزیراعظم محمد شہبازشریف کی مقامی صنعت کو لیول پلییئنگ فیلڈ فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مقامی صنعت کو لیول پلییئنگ فیلڈ فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی آمدن میں برآمدات سے اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘عبوری سفارشات جلد پیش کی جائیں اوربجٹ کی تیاری میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں کی تجاویز شامل کی جائیں۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات سہولت اسکیم (ای ایف ایس) کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں برآمدات سہولت اسکیم کو مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کا اس سے استفادہ یقینی بنانے کیلئے قائم کمیٹی کی عبوری سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی آمدن میں برآمدات سے اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘برآمدی صنعتوں کے خام مال اور مشینری کی درآمد پر سہولت کیلئے اس اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پر شعبے کے ماہرین سے مزید مشاورت یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی مزید مشاورت سے عبوری سفارشات کو حتمی شکل دے کر رپورٹ جلد پیش کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ کی تیاری میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو بجٹ شامل کیا جائے اورہدایت کی کہ مقامی صنعت کو لیول پلئینگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ پیداواری لاگت کو کم کرنے اور ملکی برآمدات کی عالمی منڈیوں میں مسابقت کیلئے اس اسکیم کا اجراء کیا گیا تھا۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور برآمدی صنعت سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔

Comments are closed.