بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کیلئے فہرست مرتب کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کیلئے فہرست مرتب کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے‘ یہ طریقہ چیئرمین عمران خان کی ہدایت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ہے۔ واضح کیا گیا کہ فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہیں کرے گا۔پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اعلامیہ اورمرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ مجموعی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

یہ کمیٹی ہر منگل اور جمعرات کے روز چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی۔ جہاں تک ممکن ہوا، ایک میٹنگ میں اگلی میٹنگ کی فہرست کی منظوری چیئرمین عمران خان سے لی جائیگی۔ فہرست خان صاحب کے نامزد تین فوکل پرسنز (گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور انتظار پنجھوتہ) میں سے کسی ایک کے ذریعے جیل حکام کو ارسال کی جائے گی۔ یہ طریقہ چیئرمین عمران خان کی ہدایت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ہے۔ واضح کیا گیا کہ فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہیں کرے گا۔ ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپلن اور مقرر قردہ قاعدے کا منحرف تصور ہو گا۔ فہرست میں دیئے گئے افراد میں سے کسی فرد کو انتظامیہ کی جانب سے روکے جانے کی صورت میں باقی افراد چئیرمین عمران خان صاحب سے زیر احتجاج ملاقات کر سکتے ہیں۔

ایسی صورت میں جیل حکام کیخلاف فوری طور پہ توہین عدالت کی پیٹیشن دائر کی جائیگی۔ علاوہ ازیں، خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے استثنیٰ حاصل ہوگا، اور وہ کسی بھی دن اور کسی بھی وقت چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے آزاد ہوں گے، اور اس کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کی فہرست کی پابندی لازم نہیں ہوگی۔

Comments are closed.