بنوں ، پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

پشاور،اسلام آباد (آن لائن)) خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں پولیس نے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق بنوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس چوکی دھرے پل پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، حملہ کرنے والے خارجی دہشت گردوں کی تعداد 18 سے 19 تھی۔پولیس حکام نے بتایا کہ دہشتگرد 8 موٹر سائیکلوں پر آئے جن میں سے 3 دہشتگردوں کو پولیس چوکی کی طرف بڑھتے دیکھا گیا، دہشتگرد پولیس چوکی کے کیمروں کو نشانہ بنا کر حملہ کرنا چاہتے تھے، پولیس کی کارروائی پر دہشتگردوں نے مختلف اطراف سے چوکی پر فائرنگ شروع کر دی۔حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے حملہ ناکام بنا دیا جس کے بعد دہشتگرد فرار ہوگئے۔ترجمان پولیس نے بتایا آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کی تعریف کی۔سنٹرل پولیس آفس نے اس کارروائی کو فتنہ الخوارج کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس ہر قیمت پر امن دشمن عناصر کا مقابلہ کرتی رہے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے بنوں پولیس کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا تے ہوے کہاکہ بنوں پولیس کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے خوارجیوں کا حملہ پسپا کیا۔ خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے والے پولیس جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں کی جرات پر فخر ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس شاباش کی مستحق ہے۔ پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

Comments are closed.