ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمدکرلیا گیا
ایسی کاروائیاں ریاست اور اس کے شہریوں سے غداری اور دھوکے کے مترادف ہیں‘ آئی ایس پی آر
راولپنڈی(آن لائن)سکیورٹی فورسز نے خارجی دہشتگردوں کی افغانستان سے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ‘سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں تمام 54 خارجی دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمدکرلیا گیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ایسی کاروائیاں ریاست اور اس کے شہریوں سے غداری اور دھوکے کے مترادف ہیں۔
مسلح افواج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 25 اور 26 اپریل کی درمیانی رات خارجی دہشت گردوں کی پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر پر دراندازی کی کوشش کی گئی ۔شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز نے دراندازی کا بروقت پتہ چلا لیا اورسیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی طرف سے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں تمام 54 خارجی دہشت گرد مارے گئے
، ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔ٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق خارجی دہشت گرد اپنے غیر ملکی آقاؤں کی شہ پر در اندازی کی کوشش کر رہے تھے، ان خارجی دہشت گردوں کا مقصد پاکستان میں ہائی پروفائل دہشت گردی کی کوشش کرنا تھا۔آئی ایس پی آرکے مطابق بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات کی مہم کے دوران خارجی دہشت گردوں کی کاروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ کس کے مقاصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ایسی کاروائیاں ریاست اور اس کے شہریوں سے غداری اور دھوکے کے مترادف ہیں۔
Comments are closed.