کوئی ابہام نہ رہے‘ بھارت کی طرف سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا‘آرمی چیف

پاکستان علاقائی امن کیلئے پرعزم ہے مگر قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہماری تیاری اور عزم قطعی ہے‘افسران وجوانوں سے خطاب
کو ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجزمیں ہیمر اسٹرائیک (ہتھوڑے کی ضرب)کے عنوان سے پاکستان آرمی کی ہائی انٹینسٹی فیلڈ ٹریننگ مشق کا معائنہ
مختلف کورز اور خدمات سے تعلق رکھنے والے دستوں نے مربوط اور طاقتور حملہ آور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا

راولپنڈی (آن لائن)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کوئی ابہام نہ رہے‘ بھارت کی طرف سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اگرچہ پاکستان علاقائی امن کیلئے پرعزم ہے مگر قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہماری تیاری اور عزم قطعی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی غلط فہمی نہ ہو، پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آرمی چیف نے یہ بات جمعرات کو ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجزمیں ہیمر اسٹرائیک (ہتھوڑے کی ضرب)کے عنوان سے ہونے والی پاکستان آرمی کی ہائی انٹینسٹی فیلڈ ٹریننگ مشق کے موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ مشق منگلا اسٹرائیک کور کی جانب سے منعقد کی گئی، جس میں جدید ہتھیاروں، ہم آہنگ آپریشنز اور حقیقی جنگ جیسے ماحول میں تربیت کا مظاہرہ کیا گیا۔مشق میں جدید جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا جن میں ملٹی رول فائٹرز، طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپیں، جنگی فضائی یونٹس، اور جدید فیلڈ انجینئرنگ شامل تھیں۔

مختلف کورز اور خدمات سے تعلق رکھنے والے دستوں نے مربوط اور طاقتور حملہ آور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا۔آرمی چیف نے مشق میں شریک افواج کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشق ہماری جنگی تیاری، نظم، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مہارت کی عکاس ہے۔ پاکستان آرمی جدیدیت، تربیت اور حکمت عملی میں مسلسل ترقی کر رہی ہے۔جنرل عاصم منیر نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی افواج اپنی سرزمین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا، پاکستان کی مسلح افواج کا جذبہ اور پیشہ ورانہ مہارت اس بات کی ضمانت ہے کہ ہم ہر میدان میں دشمن کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ہیمر اسٹرائیک مشق میں سینیئر ملٹری قیادت، فارمیشن کمانڈرز اور دیگر خدمات سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔اعلیٰ فوجی قیادت، فارمیشن کمانڈرز اور مختلف خدمات سے تعلق رکھنے والے معززین نے مشق کا مشاہدہ کیا۔

Comments are closed.