صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بھارت کے جارحانہ رویہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار

بھارتی رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ،پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی قوم متحد ہے، اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، صدر، وزیراعظم
عالمی برادری دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے، اعلامیہ میں مطالبہ

اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کے جارحانہ رویہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے،پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی قوم متحد ہے، اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے‘عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے۔ صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجودتھے۔ملاقات میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ کشیدگی کے پیشِ نظر موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بھارت کے جارحانہ رویہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے،پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی قوم متحد ہے، اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ افواج ِپاکستان کسی بھی خطرے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں بھارت کے جارحانہ رویے، کسی بھی ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پہلگام حملے کے حوالے سے بھارتی قیادت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہارکیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا، بے پناہ انسانی اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا

، اعلامیہ کے مطابق کہا گیا کہ عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے۔صدر مملکت نے بھارتی بے بنیاد الزامات پر حکومت کے ردعمل اور ذمہ دارانہ انداز میں صورتحال سے نمٹنے کو سراہا اورکہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔اجلاس میں کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔وزیر اعظم نے کوویڈ 19 سے صحت یاب ہونے کے بعد صدر مملکت کی صحت بارے بھی دریافت کیا۔

Comments are closed.