پاکستان سفارتی محاذ پر بھی سرگرم، اسحاق ڈار 3 روزہ دورے پر چین روانہ

اسلام آباد(آن لائن)بھارت کو میدان میں ناکوں چنے چبوا کر پاکستان سفارتی محاذ پر بھی سرگرم ہو گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر پیر کو چین روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ چینی قیادت سے تازہ علاقائی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔دورے کے دوران پاکستان ، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی طے ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بھارت سے کشیدگی سے پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے روانگی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کو پتہ ہے ہم پر بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے۔نائب وزیراعظم کی سربراہی میں وفد نور خان ائیر بیس سے بیجنگ روانہ ہوا،پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی وفد میں شامل ہیں۔

اسحاق ڈار وفد کے ہمراہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی 20 مئی کو چین پہنچیں گے،جہاں اگلے روز تینوں وزرائے خارجہ کی ملاقات متوقع ہے۔وزیر خارجہ چینی ہم منصب سے جنوبی ایشیا کی صورتحال اور اثرات پر بات کریں گے، دونوں رہنما پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیں گے، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلی سطح روابط کا تسلسل ہے، وزیر اعظم کا قائم کردہ سفارتی وفد بھی مختلف ممالک کا دورہ کرے گا، بلاول بھٹو زرداری وفد کی قیادت کریں گے، وفد مختلف ممالک میں اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرے گا، وفد بھارتی جھوٹے بیانیہ کو بے نقاب کرے گا۔علاوہ ازیں چین روانگی سے قبل اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چین جارہا ہوں،

جب دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بیٹھتے ہیں تو تمام معاملات کو دیکھا جاتا ہے، پچھلے 3 ہفتے میں دوبار چینی وزیر خارجہ سے بات ہوئی۔انہوں نے کہا ہے کہ چین اور پوری دنیا کو سب معلوم ہے، دنیا کو معلوم ہے تمام بھارتی الزامات غلط تھے، دنیا کو پتہ ہے ہم پر بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 3 ہفتے میں دنیا کی تمام ڈپلومیٹک کمیونٹی، 60 ممالک سے رابطے ہوئے جس میں سیاسی، علاقائی، گلوبل، سفارتی اور حالیہ تمام معاملات پر گفتگو ہوئی، چین ہمارا بہت قریبی دوست ہے۔

Comments are closed.