اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اپوزیشن اتحاد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ سپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف یہ شوق بھی پورا کرلے۔ یہ تحریک لائیں ان کے اپنے لوگ کم ہو جائیں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے وکلاء اور بہنوں نے ملاقات میں اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی بات کی، بانی کو اپوزیشن اتحاد اور محمود اچکزئی کے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے موقف سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے معاملے کو آگے بڑھانے کا پلان بنانے کا حکم دیاہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت اور اپوزیشن اتحاد کو فیصلے پر عملدرآمد کا اختیار دیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت کو پارلیمنٹ کے باہر اور اندر ٹف ٹائم دیں۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصرنے تصدیق کی ہے کہ اسپیکر اور وزیرِاعظم دونوں کے خلاف عدم اعتماد کا سوچ رہے ہیں، پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے عدم اعتماد کا معاملہ وقتی طور پر روکا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ اگر ابھی عدم اعتماد لائیں تو سمجھا جائے گا کہ جنگ میں بھی سیاست کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور وزیرِ اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن زیرِ غور ہے، اسپیکر اور وزیرِاعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن وقت پر استعمال کریں گے۔دوسری جانب اس معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے،یہ تحریک لائیں ان کے اپنے لوگ بھی کم ہوجائیں گے۔
Comments are closed.