راولپنڈی، کوئٹہ(آن لائن)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی سپانسر بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشتگرد جہنم واصل کردیئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارت کی جانب سے سپانسر شدہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع آواران کے علاقے گشکور میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک بھارتی سپانسر دہشتگرد یونس مارا گیا جبکہ 2 دہشتگرد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے دوسری کارروائی تربت میں کی، جہاں بھارتی سپانسر 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جن کی شناخت صابر اللہ اور امجد کے نام سے ہوئی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بھارتی سپانسر دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے، دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشتگرد کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی بھارتی پراکسیوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments are closed.