کورکمانڈرز کانفرنس‘خضدار میں حملہ بھارتی پراکسیز کی کارروائی‘ بین الاقوامی قوانین کی صریحا اور قابلِ مذمت خلاف ورزی قرار

راولپنڈی (آن لائن)کورکمانڈرز کانفرنس نے خضدار میں حملے کوبھارتی پشت پناہی سے پراکسیز کی کارروائی قراردیتے ہوئے اسے انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحا اور قابلِ مذمت خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گا۔فورم نے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی سخت مذمت کی اور خطے میں پائیدار امن کے لئے بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ اور مثر مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی سٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی موٴثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیافورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی ۔فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دباوٴ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں‘ ہم بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری اپنی مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان ِ امتیاز(ملٹری) چیف آف آرمی سٹاف کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔کانفرنس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گرد انہ حملے کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔ شرکاء کانفرنس نے کہا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہوئے۔فورم نے نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحا اور قابلِ مذمت خلاف ورزی قرار دیافورم نے معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیاشہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گا۔شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی سٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی موٴثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیافورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی ۔فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔فورم نے خاص طور پر ‘معرکہ حق’ کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔فورم نے پاکستانی میڈیا اور”انفارمیشن وارئیرز“کو سراہا جو بھارتی پروپیگنڈے ، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے رہے۔شرکاء کانفرنس نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔

فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، جن کی قومی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے نہ صرف قومی روح کو اجاگر کیا، بلکہ قومی بیانیہ کو مثر انداز میں پیش کیا۔فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت ، پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا۔ فورم نے بھارتی مسلح جارحیت کے خلاف کامیابی کو ان عوامل کی مرہونِ منت قرار دیا۔ فورم نے پاکستان کے موثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی قرار دیا۔فورم نے پاکستان کی بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔فورم نے پاکستان کی خود مختاری ، علاقائی سالمیت کی بقا کے لئے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دباوٴ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔فورم نے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے اور بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیوں کی سرکوبی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔شرکاء کانفرنس نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں کی جانے والی جارحیت کی ناکامی پر بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے خفیہ منصوبے پر عملد درآمد کر رہا ہے، بھارت ایک جانب خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے، جبکہ درحقیقت وہ خود دہشت گردی کا مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے۔ شرکاء کانفرنس نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے پراکسیوں کا استعمال بھارت کا وطیرہ رہا ہے،فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کسی صورت بھی بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے اپنے امن پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔شرکاء کانفرنس نے کہا کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ، دہشت گرد پراکسیوں اور ان کے سہولت کاروں کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کریں گی ۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ انتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کیلئے بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ نیست و نابود کر دیا جائے گا، ان شاء اللہ۔ فورم نے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی سلامتی اور مشرقی بارڈر پر سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ فورم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔فورم نے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی سخت مذمت کی اور انہیں مقامی سطح پر فطری ردعمل کے جنم کا شاخسانہ قرار دیا۔فورم نے خطے میں پائیدار امن کے لئے بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ اور مثر مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔فورم نے کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری منصفانہ جدوجہد اور ان کی مکمل سفارتی، سیاسی، اخلاقی اور انسانی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے تمام رینکس کے بلند حوصلے، اعلی آپریشنل تیاری ، غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور پاکستانی قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔آرمی چیف نے حالیہ کامیابیوں کو اللہ تعالی کا فضل و کرم قرار دیا۔آرمی چیف نے فورم کو درپیش سلامتی کے خطرات کے تناظر میں اعلی ترین آپریشنل تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے اندرونی استحکام کو یقینی بنانے اور قومی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر اعتماد کا اظہار کیا اور اِ س سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں‘ ہم بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری اپنی مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Comments are closed.