وزیراعظم صدر یو اے ای کی دعوت پر ابوظہبی پہنچ گئے، شاندار خیرمقدم

ابو ظہبی‘اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے فرمانرواشیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ سرکاری دورے پر ابو ظہبی پہنچ گئے ہیں۔ابو ظہبی کے البطین ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان (HH Sheikh Tahnoun bin Zayed Al Nahyan) نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور وزیرِ اعظم کے ہمراہ گاڑی میں صدارتی محل کی جانب روانہ ہوئے۔

ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی احمد الشمسی، یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور پاستانی سفارتی عملہ بھی وزیر اعظم کے استقبال کیلئے موجود تھا۔ وزیرِ اعظم وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کریں گے۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہوئے تو اعلیٰ حکام نے الوداع کیا۔دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ یو اے ای تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا باعث بنے گا۔

Comments are closed.