پارلیمنٹیرینز کی طرح سرکاری ملازمین بھی اپنے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کریں گے :سینیٹ میں ترمیمی بل منظور

اسلام آباد(آن لائن) پارلیمنٹیرینز کی طرح سرکاری ملازمین بھی اپنے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کریں گے ، ایوان بالا میں سول سروس ایکٹ ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، گریڈ 17سے گریڈ 22تک کے سرکاری ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائیٹ پراویزاں کی جائیں گی۔جمعرات کو ایوان بالا میں چیرمین کابینہ کمیٹی سینیٹر رانا محمود الحسن نے ایوان بالا میں سول سرونٹ ایکٹ ترمیمی بل کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ پیش کی اس موقع پر وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ جس طرح پارلیمنٹرینزہر سال اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرتے ہیں

اسی طرح ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر اداروں کی جانب سے یہ مطالبہ چلا آرہا تھا کہ گریڈ 17سے گریڈ 22تک کے ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات بھی صرف محکمے کی بجائے ویب سائیٹ پر بھی ڈالی جائیں انہوں نے کہاکہ یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا ہے اور سینیٹ کمیٹی نے بھی طویل بحث کے بعد اس کو منظور کر لیا ہے اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ اس سمیت کوئی بھی بل قائمہ کمیٹیوں سے منظور ہونے کے بعد جب ایوان میں اجائے تو ممبران کو پہلے سے فراہم کیا جائے تاکہ ان کو معلوم ہوسکے کہ اس میں کیا تبدیلیاں کی گئی ہیں

جس پر وفاقی وزیر نے اپوزیشن لیڈر کے مطالبے کی تائید کی اس موقع پر وفاقی وزیر قانون نے سول سرونٹس ایکٹ ترممی بل ایوان بالا میں منظوری کیلئے پیش کیا چیرمین سینیٹ نے بل پر اراکین سے شق وار رائے لینے کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

Comments are closed.