ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی سیلانی آئی ٹی پروگرام، کراچی کے طلباء سے خصوصی ملاقات

کراچی (آن لائن) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے آئی ٹی پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلباء سے خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا اور مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔

ملاقات کے دوران طلباء نے ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال، جدید جنگوں کے تقاضے، اور پاک افواج کے کردار سے متعلق تفصیل سے گفتگو کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلباء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ المرصوص میں کامیابی امن کی جیت ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کو جنگ پر فوقیت دی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ معلومات کی جنگ میں پاکستان کے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو آج کے دور میں ایک اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج منظم، پیشہ ور اور آئین کے تحت ریاستی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے افواجِ پاکستان مکمل طور پر تیار ہیں۔ طلباء نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہم ہر قربانی دینے و تیار ہیں، چاہے ہمیں کسی بھی محاذ پر پاک فوج کا ساتھ دینا پڑے۔ پاک افواج ہماری پہچان ہیں اور ہم عوام ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔ نشست کے اختتام پر طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی معلوماتی اور رہنمائی پر مبنی ملاقاتیں جاری رہیں تاکہ نوجوان نسل کو آگاہی اور حوصلہ ملے۔

Comments are closed.