پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر سے روسی سفیر البرٹ پی خوریف کی ملاقات

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ پی. خوریف نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری اطلاعات اور پارٹی پالیسی تھنک ٹینک کے سربراہ رؤف حسن بھی موجود تھے۔ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتِ حال، ایران پر اسرائیلی جارحیت کے بعد کی ممکنہ پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے خطے میں امن، استحکام اور رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

اسد قیصر نے کہا کہ علاقائی تعاون اور رابطہ کاری کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی حالات میں اشتراکِ عمل اور سفارتی روابط کی وسعت نہایت اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ملاقات کے اختتام پر اسد قیصر نے مہمان سفیر کو پختونوں کی روایتی پگڑی پہنائی اور دونوں جانب سے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Comments are closed.