ریاستی اداروں سمیت سب کو چیلنج کرتا ہوں کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کوگراکردکھائیں،علی امین گنڈاپور
اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور نے کہاہے کہ ریاستی اداروں سمیت سب کو چیلنج کرتا ہوں کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو آئینی طریقے سے گرانے کی پوری کوشش کرے وہ کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونگے‘بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9مئی کی سازش بنائی گئی تھی اور مجھے گرفتار کرنے کے بعد بانی اور بشریٰ بی بی کے خلاف بیانات دینے کیلئے دباؤ ڈالا گیا انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی کارکردگی اس وقت تمام صوبوں سے بہتر ہے ۔بدھ کو خیبر پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ مجھے بانی پی ٹی آئی نے اس سیٹ پر بٹھایا ہے اور میں تمام سیاسی جماعتوں سمیت مقتدر قوتوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ مجھے ہٹانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم باتوں پر کسی کو بے وقوف نہیں بنائیں گے ہم نے صوبے کو خودمختار بنایا ہے اور اس وقت صوبے میں تین ماہ کی تنخواہ پڑی ہے انہوں نے کہاکہ پنجاب سے زیادہ سوشل ویلفیئر میں کام کیا ہے صوبے کے محصولات کوٹیکس میں اضافہ کئے بغیر ڈبل کیا ہے
انہوں نے کہاکہ صوبے میں ڈرون حملوں اور دہشت گردی کے واقعات کے باوجود ہم کوششوں میں لگے ہوئے ہیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ ہمارے مخالفین کسی بھی طرح اپنی چالوں سے مخصوص نشستیں لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں مگر ہم اپنے بانی کی قیادت متحد ہیں اور پارٹی کے ساتھ ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارے خلاف 9مئی کے بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں مجھے تو 9مئی سے پہلے ہی گرفتار کیا گیا تھا اور بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف بیانات دینے کیلئے دباؤ ڈالا گیا انہوں نے کہاکہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف پہلے سے ہی سازشیں شروع کی گئی تھی انہوں نے کہاکہ پہلے آئین کو توڑا گیا اس کے بعد ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور اس کے بعد اب مخصوص نشستیں چھین لی گئی اور یہ فیصلہ پاکستان کی تاریخ پر بدنما دھبہ ہے انہوں نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد واپس کریں گے انہوں نے کہاکہ ہمارے اجداد نے ملک کیلئے جانی و مالی قربایاں دی ہیں ہم کسی بھی شخص ،پارٹی یا ادارے کویہ اجازت نہیں دیں گے کہ اس ملک کو تباہ کیا جائے انہوں نے کہاکہ پختونخوا کے عوام نے زور بازو پر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور حکومت بنائی گئی انہوں نے کہاکہ صوبے کے بجٹ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات نہیں کرائی گئی اور اس حوالے سے میرے خلاف سازشیں بھی کی گئیں انہوں نے کہاکہ جتنے بھی ادارے ہیں ان کو کھلا چیلنج دیتا ہوں کہ جتنا زور لگانا ہے وہ لگالیں آئینی طریقے سے تو صوبے کی حکومت ختم نہیں کی جاسکتی ہے اب غیر آئینی طریقے سے آزما کر دیکھ لیں انہوں نے کہاکہ جب ریاست ماں کی بجائے فرعونیت پر اتری ہے میں ان کو چیلنج کرتا ہوں کہ آزمائیں ہم نہ ڈرنے اورجھکنے والے نہیں ہے تمھاری اتنی اوقات نہیں ہے کہ سیاسی طور پر صوبے کی حکومت کو گرا سکیں اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ ہماری پارٹی میں سب اظہار رائے کرتے ہیں
ہم سب اپنی اپنی جگہوں پر ڈٹے ہوئے ہیں ہمارے اختلافات اپنی جگہ مگر بانی پی ٹی آئی کے حکم پر سب متفق ہیں اس موقع پر شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ گذشتہ 10مہینوں کے دوران جو اسیران جیلوں سے رہا ہوئے ہیں وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہوئے ہیں اور زیادہ تر کارکنوں کو دل سمیت دیگر بیماریاں لاحق ہوئی ہیں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ ہمارے کارکنوں کو جس حالت میں رکھا جارہا ہے اور انہیں ادویات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں اس کی جوڈیشیل انکوائری کی جائے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلا س میں پارٹی کے ممبران قومی ،صوبائی اور سینیٹرز نے شرکت کی اور ملک میں تحریک چلانے سمیت مخصوص نشستوں کے معاملے پر غور کیا گیا انہوں نے کہاکہ یہ تمام اراکین بانی پی ٹی آئی کے ووٹوں سے جیتے ہیں اور ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوششیں کریں گے انہوں نے کہاکہ ہم سب متحد ہیں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جو تحریک کا اعلان ہوگا ہم اس پر عمل درآمد کریں گے انہوں نے کہاکہ ہم مذاکرات کیلئے بھی تیار ہیں اور بانی پی ٹی آئی نے بھی کہا تھا کہ مذاکرات ہونے چاہیے انہوں نے کہاکہ ہم نے کئی بار مذاکرات شروع کئے باوجود اس کے ہمارے اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر اراکین کے خلاف ریفرنس دئیے گئے اور پارٹی ممبران پر دباؤ ڈالا گیا انہوں نے کہاکہ اگر حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہوتی تو ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت دی جاتی مگر نہیں دی گئی انہوں نے کہاکہ چاروں صوبوں میں ہمارے اراکین اسمبلی موجود ہیں اور سب کی ملاقات ہونی چاہیے تھی انہوں نے کہاکہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے اگر صوبے میں اپوزیشن کے پاس چلی جائیں تو اس کو مذید 35ممبران کی ضرورت ہے اور ان کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ہے جس کا شوق ہے وہ اپنا شوق پورا کرے ہم نے ابھی تک کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ درخواست نہیں کی ہے کہ ہمارے خلاف عدم اعتماد نہ کرے اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ جس کو بھی شوق ہے وہ اپنا شوق پورا کرے اس موقع پر پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نے پارلیمانی پارٹی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد پڑھ کر سنائی ۔۔۔۔۔اعجاز خان
Comments are closed.