واشنگٹن (آن لائن)معروف عالمی کمپنی مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنا دفتر بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ عالمی ٹیک کمپنی نے ملک میں اپنا آپریشن بند کردیا۔رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ کمپنی پاکستان میں اپنے آپریشنز باضابطہ طور پر بند کر رہی ہے۔اپنے ایک بیان میں ترجمان مائیکروسافٹ نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کو قریبی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کریں گے، ہم یہ ماڈل دنیا کے کئی دیگر ممالک میں کامیابی سے چلا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی مقامی پارٹنرز اور غیر ملکی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کرے گی۔بیہ اقدام کمپنی کی عالمی سطح پر جاری چھانٹیوں کا حصہ ہے، کیوں کہ وہ مصنوعی ذہانت کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔بدھ کو مائیکروسافٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار ملازمین میں سے 4 فیصد کو فارغ کر رہی ہے، مئی میں کمپنی نے 6 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس اقدام سے پاکستان میں مائیکروسافٹ کے تمام پانچ ملازمین متاثر ہوں گے اور اس کا نمائندہ دفتر بند کیا جائے گا۔
تاہم ملک میں مائیکروسافٹ کے صارفین کے لیے اس کی سروسز بدستور دستیاب رہیں گی۔سنہ 2000 میں مائیکروسافٹ پاکستان کی بنیاد رکھنے والے جواد رحمان نے گذشتہ روز اس کا اعلان لنکڈ اِن پر کیا۔ انھوں نے لکھا کہ مائیکرو سافٹ باقاعدہ طور پر پاکستان میں اپنے آپریشنز ختم کر رہا ہے اور بقیہ چند ملازمین کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔خیال ہے کہ پاکستان میں مائیکروسافٹ کی موجودگی پہلے ہی محدود تھی اور یہاں اس کے چند ملازمین اور ایک نمائندہ دفتر قائم تھا۔ جواد رحمان کے مطابق پاکستان میں اس کمپنی کے آپریشنز جون 2000 میں شروع کیے گئے تھے۔
Comments are closed.