پاکستان‘ افغانستان سیاسی مشاورت کا پہلا دور مکمل ،دوطرفہ و علاقائی تعاون اور مشترکہ چیلنجز پر مکالمے کو آگے بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی مشاورت کے پہلے باضابطہ دور کا اختتام ہو گیا، جس کے تحت دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی تعاون اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل مفتی نور احمد نور نے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جو سیاسی مشاورت کے پہلے دور کے اختتام پر ہوئی۔

اس موقع پر دونوں فریقین نے بات چیت کے تسلسل اور کھلے رابطے کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باقاعدہ سیاسی مشاورت سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ باہمی تحفظات بھی موٴثر انداز میں دور کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم پیش رفت سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی فضا کو فروغ ملے گا اور خطے میں رابطوں کو وسعت دینے کا عمل آگے بڑھے گا۔

Comments are closed.