وفاقی وزیر داخلہ کا بڑا اقدام ، حوالہ ہنڈی، بھکاری مافیا اور جعلی ادویات کے خلاف سخت کریک ڈاوٴن کا حکم
کراچی (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے حوالہ ہنڈی، بھکاری ایجنٹ مافیا، جعلی ادویات اور نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بلا امتیاز اور موٴثر کارروائی کے احکامات جاری کی کر دئیے ۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اس موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے حوالہ ہنڈی، بھکاری ایجنٹ مافیا، جعلی ادویات اور نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بلا امتیاز اور موٴثر کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
وزیر داخلہ نے حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کا دباوٴ قبول کیے بغیر اس غیر قانونی نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مافیا ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہے اور اس کے خلاف واضح اور نظر آنے والا ایکشن ضروری ہے۔محسن نقوی نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ گروہوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مافیا نہ صرف انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہے بلکہ پاکستان کے عالمی امیج کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے پیشہ ور بھکاریوں کی فوری گرفتاری اور مفرور ایجنٹس کی بین الصوبائی تعاون سے تلاش پر زور دیا گیا۔ جعلی ادویات کے خلاف بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ یہ مکروہ دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ایسے عناصر کی اصل جگہ جیل ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ اس خطرناک کاروبار میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
مزید برآں، محسن نقوی نے غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم لے جانے والے مسافروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ نان کسٹم مصنوعات کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے بھی موٴثر کارروائی کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان، ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نعمان صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ ڈائریکٹر کراچی زون نے وزیر داخلہ کو ایف آئی اے کی کارکردگی، جاری کارروائیوں اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
Comments are closed.