ہر دوماہ بعد ہر وزارت کی کارکردگی کو جانچا جا ئے گا ، کام نہ کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ، شہباز شریف
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ رواں سال ہر دوماہ بعد ہر وزارت کی کارکردگی کو جانچا جا ئے گا ، کام نہ کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور معیار پر پورا اترنے والے ہمارے سر کا تاج ہیں ۔ کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا محرم الحرام کے جلسے جلوسوں کا پر امن ماحول میں انعقاد ہوا ۔ چاروں صبوں ، گلگت بلتستان ، وزرا ئے اعلی کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کا پر امن ماحول میں انعقاد وفاقی وزیر داخلہ،صوبائی اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کے بہترین انتظامات سے ممکن ہوا، قومی وحدت، اتحاد اور بھائی چارے سے ہی امید افزا صورتحال بنی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں پر این ڈی ایم اے حکام سے بریفنگ لی ہے
، این ڈی ایم اے ایک جاندار ادارہ بن چکا ہے، بارشوں کے حوالے سے صوبوں کو ہدایات دی تھیں لیکن بدقسمتی سے بارشوں سے پورے پاکستان میں انسانی جانیں ضائع ہو گئیں، بالخصوص سوات میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا، ہمیں اس واقعے سے سبق سیکھنا چاہیے اور آئندہ کیلئے موثر اقدامات کے لیے پوری تیاری کرنی چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے، معاشی ترقی کے لیے ہم سب مل کر کاوشیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہماری کابینہ کو ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر گیا ہے، اب ہر 2 ماہ بعد ہر وزارت کی کارکردگی کو جانچیں گے، اچھے نتائج پر شاباش دیں گے اور خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے اور اس کے لیے میں کسی تادیبی کارروائی سے بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں متنبہ کرتے ہوے کہا کہ کسی کو جھوٹا تاثر پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، صرف کارکردگی اور قوم کی خدمت ہی ترجیح ہے، جو معیار پر پورا اترے گا وہ ہمارے سروں کا تاج ہو گا اور جو معیار پر پورا نہیں اترا اسے احساس دلائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ احسن اقبال پر سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے بڑے سوالات اٹھ رہے تھے لیکن انہوں نے حیرانی میں مبتلا کیا ہے کہ سالانہ ترقیاتی اخراجات کا بجٹ 10 کھرب روپے سے بڑھ گیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
Comments are closed.