”الحمدللہ، پی آئی اے برطانوی فضائی حدود میں واپسی ہو چکی ‘پاکستان نے ایک اور اہم میدان میں کامیابی حاصل کی ہے“
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایک قومی کامیابی قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ الحمدللہ، پی آئی اے برطانوی فضائی حدود میں واپسی ہو چکی ہے۔ پاکستان نے ایک اور اہم میدان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے پر یورپ اور برطانیہ میں چار سالہ پابندی ایک غیر ذمہ دارانہ اور تباہ کن بیان کی وجہ سے عائد ہوئی تھی، جس سے ملک کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یہ نقصان سابقہ حکومت کے ایک وزیر کے بیان کا نتیجہ تھا، جس نے قومی ایوی ایشن سیکٹر کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی نہ صرف برطانیہ میں مقیم تقریباً 15 لاکھ پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے، بلکہ یہ پاکستان میں مقیم برطانوی شہریوں کے لیے بھی سہولت کا باعث بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور باہمی تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے اس کامیابی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع، ایوی ایشن ڈویڑن اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، سفارتی کاوشوں اور مربوط حکمت عملی نے یہ ممکن بنایا۔
Comments are closed.