اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے قلات، بلوچستان میں مسافر بس پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں صدر مملکت نے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بے گناہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، یہ انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کریں گے،ریاست دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔ صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صدر مملکت نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
Comments are closed.