پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈراور C-130 طیاروں کا عالمی ایئر شو میں شاندار مظاہرہ، اسپرٹ آف دی میٹ ٹرافی نام کر لی
راولپنڈی‘لندن (آن لائن) پاکستان نے ایک بار پھر عالمی فضائی میدان میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ برطانیہ میں منعقد ہونے والے عالمی شہرت یافتہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں پاک فضائیہ کے جدید ترین 17C بلاک III لڑاکا طیارے نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپرٹ آف دی میٹ ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اسی شو میں شرکت کرنے والے پاک فضائیہ کے C-130 طیارے کو بھی فضائی مہارت، تیاری اور تزئین و آرائش کے شعبے میں "Concours d’Elegance Trophy” سے نوازا گیا۔ پاک فضائیہ کا JF-17C بلاک III نہ صرف تکنیکی اعتبار سے ایک شاہکار ہے بلکہ اس نے پاکستان سے برطانیہ تک کا سفر ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے نان اسٹاپ مکمل کر کے جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں ملک کی خودانحصاری کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو جیسے معزز اور معتبر فضائی شو میں پاک فضائیہ کو ملنے والے یہ اعزازات بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ایوی ایشن شعبے کی پیشہ ورانہ قابلیت، مہارت اور جدیدیت کا واضح اعتراف ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف پاک فضائیہ بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے جو عالمی منظرنامے میں پاکستان کی ساکھ کو مزید مضبوط کرے گی۔
Comments are closed.