پشاور (آن لائن)خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا، پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیا۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا، جس کے بعد گورنر ہاوٴس پشاور میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا
، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 اراکین سے حلف لیا۔مخصوص نشستوں میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی نشستیں شامل ہیں، جمیعت علمائے اسلام اور مسلم لیگ نون کے 7، 7 اراکین نے حلف لیا جبکہ پیپلز پارٹی کے 4، اے این پی کے 2 اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے ایک رکن نے حلف اٹھا لیا۔مسلم لیگ (ن) ارکان میں فرح خان، آمنہ سردار، فائزہ ملک، شازیہ جدون، جمیلہ پراچہ، افشاں حسین، سونیا حسین اور اقلیتی رکن سریش کمار شامل ہیں۔پیپلز پارٹی کی مہر سلطانہ، شازیہ طہماش، اشبرجدون، فرزانہ شریں اور اقلیتی رکن بیاری لال نے بھی حلف اٹھالیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام کی بلقیس، ستارہ آفرین، ایمن جلیل، مدیحہ گل، رابعہ شاہین، نیلو فربیگم، ناہید نور، اقلیتی ارکان عسکر پرویز اورکرپال سنگ نے بھی حلف اٹھایا۔اس کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کی خدیجہ بی بی، شاہدہ وحید اور پی ٹی آئی پی کی نادیہ شیر بھی حلف اٹھانے والے اراکین میں شامل ہیں جبکہ حلف برداری کے بعد کے اسمبلی اراکین کی تعداد 145 مکمل ہو گئی ہے۔قبل ازیں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس درخواست دائر کی تھی، کے پی اسمبلی اجلاس میں کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی ہوا، اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے پر مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف نہیں لیا گیا۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے بھی پشاور ہائی کورٹ کو ایک مراسلہ لکھا جس میں عدالت عالیہ سے ممبران کے حلف کے لیے اقدام کی درخواست کی گئی۔الیکشن کمیشن نے لکھا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ایک شخص کو نامزد کریں جو پشاور ہائی کورٹ ممبران کا حلف لے، کورم کی نشاندہی پر خیبر پختون خواہ اسمبلی میں ممبران کا حلف نہ ہو سکا، منتخب ممبران کا حلف نہ ہوا تو سینٹ انتخابات کا انعقاد مشکل ہوگا۔
Comments are closed.